مسئلہ کشمیر : پاکستان نے بھارت کو مذاکرات کی باضابطہ دعوت دیدی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے اپنے بھارتی ہم منصب کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دوطرفہ خصوصی مذاکرات کی خاطر دورہ پاکستان کی دعوت دے دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے پیر کو پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر کے ساتھ دفتر خارجہ میں ملاقات کی اور پاکستان کی طرف سے خصوصی مذاکرات کیلئے دعوت نامہ ان کے سپرد کیا۔ واضح رہے کہ جمعہ کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اس مسئلہ پر خصوصی مذاکرات کیلئے بھارت کو دعوت دے گا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں خرابی کی بنیادی وجہ کشمیر کا مسئلہ ہی ہے۔ اس خط میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے پاکستان اور بھارت کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ امرقابل ذکر ہے کہ نوجوان مجاہد رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد پورا مقبوضہ کشمیر ایک آتش فشاں بن چکا ہے جس کے گلی کوچوں میں بھارت کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ اے پی پی کے مطابق خط میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں پر یہ عالمی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کریں۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان کی جانب سے سامنے آنے والے بیان میں ان شرائط کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا جن کا اعلان بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے ہفتہ کو کیا تھا۔
پاکستان دعوت