• news

آزاد کشمیر کے نئے صدر کا انتخاب آج ہو گا، لیگی امیدوار مسعود خان کی نواز شریف سے ملاقات

مظفر آباد + اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر کے نئے صدر کےلئے انتخاب (آج) منگل کو ہوگا جس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 49 اورکشمیرکونسل کے 6 ممبران اپنے ووٹ سے نئے صدر آزاد کشمیرکا پانچ سال کےلئے انتخاب کریں گے۔ اس ضمن میں موجودہ صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے قانون ساز اسمبلی اور کشمیرکونسل کا مشترکہ اجلاس مظفرآباد میں طلب کیا ہے۔ آزاد کشمیرکے آئندہ صدر کےلئے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق سفیر مسعود خان اور پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیرکی جانب سے سابق وزیر چوہدری محمد لطیف اکبر کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ ایوان میں مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت حاصل ہے اور توقع ہے آئندہ صدر آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کا نامزد کردہ امیدوار ہی ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف سے صدارتی امیدوار آزاد کشمیر مسعود خان نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر مسعود خان کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔ مذاکرات کے ذریعے پر امن حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ معصوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم قابل مذمت ہے۔این این آئی کے مطابق آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بےرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب میں پی ٹی آئی کشمیر کی طرف سے حصہ نہ لینے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ کینگرو اسمبلی صدر کا کیا انتخاب کریگی جس کی اپنی کوئی حیثیت نہیں ہے نہ ہم نے مخصوص نشستوں کے انتخاب میں حصہ لیا ہے اور نہ ہی صدارتی انتخاب میں حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آزاد کشمیر سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
آزاد کشمیر/ صدر انتخابات

ای پیپر-دی نیشن