• news

بھارت نے سارک وزرائے خزانہ کے اجلاس میں ارون جیٹلی کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا

نئی دہلی+ اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) بھارت نے سارک وزراء خزانہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے اپنے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرخزانہ ارون جیٹلی 25 اور 26 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی سارک وزراء خزانہ کانفرنس میں شرکت نہیںکریںگے جبکہ انکی جگہ بھارتی سیکرٹری خزانہ شکتی کانتا داس کانفرنس میں شرکت کریںگے۔ واضح رہے کہ سارک وزراء خزانہ کانفرنس 25 اور 26 اگست کو پاکستانی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اس کانفرنس میں بطور چیئرمین اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ اس سے قبل سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ وزرائے داخلہ کانفرنس ادھوری چھوڑ کر واپس اپنے ملک چلے گئے تھے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے سارک وزراء خزانہ کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے تگ و دو شروع کردی۔ بھارتی وزیر خزانہ کی شرکت یقینی بنانے کیلئے سفارتی ذرائع استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اسلام آباد میںشیڈول دو روزہ سارک وزراء کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے سارک ممالک کے وز را خزانہ کو ٹیلیفون کیا ہے اور انکو کانفرنس میں شرکت یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سارک وزرا خزانہ کانفرنس میں سارک ممالک کے ڈویلپمنٹ فنڈ سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت ہوگی۔ وفاقی زیر خزانہ اسحاق ڈار نے چند روز قبل تمام وزرا خزانہ کو خود ٹیلیفون بھی کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن