خیبر ایجنسی : دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری‘ 2 بارودی سرنگ دھماکے‘ تین جوان شہید دس زخمی
لنڈی کوتل/ خیبر ایجنسی/ ننکانہ (نامہ نگاران) وادی تیراہ خیبر ایجنسی میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کے 2 دھماکوں میں پاک فوج کے3 اہلکار شہید اور 10 زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جنہیں سی ایم ایچ پشاور منتقل کردیا گیا۔ دونوں دھماکے تحصیل جمرود کوکی خیل ایریا میں ہوئے۔ ایک بارودی سرنگ صبح اس وقت دھماکے سے پھٹ گئی جس وقت پاک فوج کے جوان علاقے میں گشت کررہے تھے۔ دو جوان حوالدار عنایت اور نائیک ڈیٹال شہید ہوئے جبکہ حوالدار محمد امین، لا نس نائیک محمد سہیل، نائیک محمد ریا ض، سپاہی محمد دین، سپاہی امام الدین، سپاہی ممتاز، سپاہی تحسین اور سپاہی سینگرشدید زخمی ہوئے جبکہ دوسرا بارودی سرنگ کا دھماکہ بھی اسی علاقے کوکی خیل ایریا جنگلی میں ہوا جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک اہلکار صدام شہید اور دو جوان نوید اور فاروق شدید زخمی ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی نمازہ جنازہ بھی اداکردی گئی جس میں گورنر خیبر پی کے، کورکمانڈر پشاوراور دیگر نے شرکت کی۔ فورسز کی راجگل مےں پےش قدمی جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے آپرےشن کے دوران وادی تےراہ کے اہم علاقوں کا کنٹرول سنبھال لےا ہے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداءکے جسد خاکی انکے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے۔ علاوہ ازیں بونیر اور سوات کے سرحدی علاقہ کڑاکڑ میں ڈی پی او بونیر سید خالد ہمدانی کے گاڑی پر ریموٹ بم سے حملہ اور فائرنگ میں دو پولیس اہلکارزخمی ہوگئے جبکہ ڈی پی او بال بال بچ گئے۔ پاک آرمی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کیا۔ دریں اثناءپشاور میں گزشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران 5 افغان باشندوں سمیت 38 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ میانوالی سرچ آپریشن کے دوران 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ملزموں کے قبضے سے اسلحہ و منشیات برآمد ہوئی ہے۔ میانوالی میں سرچ آپریشن کے دوران 11 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق پولیس تھانہ صدر کی حدود سے ایک حساس ادارے نے 4 افغانی مشکوک افراد کو پکڑ کر تفتیش کیلئے کسی نامعلوم مقام پر پہنچا دیا ہے۔شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 12 غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
خیبر ایجنسی