• news

پیر محل‘ بچے کا اغواءکے بعد گلا کاٹ دیا : پتوکی‘ مغوی نوجوان قتل

لاہور/ پتوکی/ پیرمحل/ ڈنگہ (اپنے نامہ نگار سے+ نمائندگان) پیرمحل میں 5 سالہ بچے کو اغوا کے بعد گلا کاٹ کر قتل کرنے کے بعد نعش کھیت میں پھینک دی گئی۔ پتوکی میں مغوی نوجوان کو قتل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق پیرمحل کے گاﺅں 716/ گ۔ب کے محنت کش سرفراز کا 5 سالہ بیٹا عاقب گھر کے باہر کھیلنے میں مصروف تھا کہ اسی دوران اسے گزشتہ روز دن کے تقریباً 12 بجے اغوا کرلیا گیا۔ گزشتہ روز کمسن محمد عاقب کی گلا کٹی نعش پولیس نے کھیتوں سے برآمد کر لی گئی جس پر والدین لخت جگر کی نعش دیکھ کر اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے۔ گگومنڈی سے نامہ نگار کے مطابق مبینہ اغوا کار کو اہل محلہ نے دھلائی کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ پتوکی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث اغواءہو نے والے نو جوان کو قتل کر کے نعش نہر کنارے پھینک دی گئی۔ محلہ احمد نگر کے رہائشی محمد اقبال کے بیٹے انیل اقبال عرف چاند کو تین دوست آفتاب مسیح وغیرہ اغواءکر کے لے گئے۔ نو جوان چاند کو راستے میں مزاحمت پر آفتاب نے فائر مار کر قتل کر نے کے بعد نعش لنک نہر کے کنارے پھینک دی۔ چونیاں پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد قتل کا مقدمہ پروین اقبال کی مدعیت میں درج کر کے کارروائی شروع کر دی جبکہ آفتاب تاحال گرفتار نہ ہوسکا جب چاند کی نعش پتوکی لائی گئی تو ہر آنکھ اشک بار تھی۔ مقتول کو نواحی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مقتول کے اہل خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب سے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ملتان سے اغوا ہونیوالا کمسن بچہ اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تھانہ سبزی منڈی پولیس نے مغوی بچے کو اپنی تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کردیں، جی ٹی روڈ کنگنی والا سے ملنے والے 12 سالہ عرفان کے مطابق وہ رحیم یار خان کا رہائشی ہے۔ گزشتہ روز گھر کے باہر کھیلتے ہوئے نامعلوم افراد نے اسے اغوا کر لیا تھا جو موقع پا کر اغوا کاروں کی گاڑی سے فرار ہو کر یہاں پہنچا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی محتسب آفس لاہور کے پینل آف کمشنرز کی طرف سے سینیٹر ایس ایم ظفر کے ذریعے سیکرٹری ہوم پنجاب کو نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ وہ انہیں رپورٹ پیش کریں کہ گزشتہ سال پنجاب میں بچوں کے اغوا، انکے ساتھ اجتماعی زیادتی اور تشدد کے کتنے کیس ہوئے، حکومت پنجاب نے بچوں کو ایسے جرائم سے بچانے کیلئے اگر کوئی منصوبہ بنایاہے تو وہ بھی پیش کیا جائے اور پچھلے ایک سال میں ٹرائل کیلئے جو کیس بھیجے گئے انکا کیا نتیجہ نکلا۔ وفاقی محتسب آفس سے جاری نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے چار سے تیرہ سال کی عمر کے بچوں کے اغوا، جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
بچہ نعش

ای پیپر-دی نیشن