علاقائی سلامتی پر پاکستان‘ ملائیشیا کے مفادات ایک ہیں‘ دہشت گردی کیخلاف بلاتفریق لڑنا ہو گا : آرمی چیف
کوالالمپور (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ملائیشیا کے آرمی ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جنرل راحیل نے ملائیشین ہم منصب اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے ٹرمز آف ریفرنس پر دستخط کئے گئے۔ آرمی چیف کو ملائیشین فوج کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور سینئر کمانڈرز سے تعارف کرایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشیا کی عسکری قیادت نے دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ ملائیشین عسکری قیادت نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقاتوں میں فوجی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خطے میں امن کے حوالے سے ملائیشیا اور پاکستان نے مشترکہ کاوشیں کیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے حوالے سے ملائیشیا اور پاکستان نے مشترکہ کاوشیں کیں۔ دونوں ممالک کو دہشت گردی کیخلاف بلاتفریق جنگ لڑنا ہو گی۔ پاکستان، ملائیشیا کے علاقائی سلامتی کے مختلف شعبوں میں مفادات ایک جیسے ہیں۔ پاکستان اور ملائیشیا کی افواج میں مختلف شعبوں میں تعاون اور ضوابط کار پر دستخط کئے گئے۔ ملائیشین وزیر دفاع نے ملاقات میں دفاعی شعبے میں پاکستان سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ٹی وی کے مطابق ملائیشیا اور پاکستان کی فوج میں طویل المدتی تعاون کے لئے ٹرمز آف ریفرنس پر دستخط کئے گئے۔ آن لائن کے مطابق عسکری قیادت سے ملاقات میں دفاعی تعاون اور دہشتگردی کے خلاف تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ آرمی چیف کو ملائیشیاءکی فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلو¶ں پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف/ ملاقات