رائل پام کلب پر قبضے، عملے کو ہراساں کرنے کا الزام، سعد رفیق اور ریلوے حکام کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر نوٹس جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے رائل پام کلب پر قبضہ کرنے، املاک کو نقصان پہنچنانے اور کلب کے عملے کو ہراساں کرنے کے الزام میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ریلوے حکام کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر نوٹس جاری کردیئے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے رائل پام کلب انتظامیہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں ڈسٹرکٹ وسیشن جج کی جانب سے وزیر ریلوے اور ریلوے حکام کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست مسترد کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ۔ سماعت کے دوران کلب کی انتظامیہ کی جانب سے بیرسٹر اعتراز احسن پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ریلوے انتظامیہ نے کلب پر قبضہ کیا املاک کو نقصان پہنچایا اور کلب کے ملازمین کو ہراساں کیا ہے اور ریلوے انتظامیہ کا یہ اقدام پاکستانی قانون کے تحت قابل دست اندازی جرم ہے اس لیے وزیرریلوے سیکرٹری ریلوے آئی جی پولیس ریلوے سمیت دیگر حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد رائل پام کلب کی درخواست پر وزیر ریلوے اور ریلوے حکام کو یکم ستمبر کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔