راہداری منصوبہ کسی بھی تیسرے ملک کے خلاف نہیں: شوکت عزیز
بیجنگ (آئی این پی) سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے مابین عملی شراکت داری کا بہترین نمونہ ہے جس سے کسی کو بھی خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، یہ منصوبہ کسی بھی تیسرے فریق کے خلاف نہیں۔ شوکت عزیز نے گزشتہ روز بیجنگ میں معروف چینی اخبار چائنہ ڈیلی کو انٹرویو میں کہا کہ دونوں ممالک گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک چین دوستی ہمیشہ سے مستقل طور پر ایک جیسی رہی ہے اور اس کی بنیادی وجہ پرامن بقائے باہمی کے بنیادی اصول کا احترام ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کو مدد کرتے ہوئے مشترکہ فوائد حاصل کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو خوش ہونا چاہیے کہ دونوں ممالک غربت کو ختم کرنے اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے مشترکہ طور پر کام کررہے ہیں اور یہ سب کے لئے بہتر ہے۔