• news

نااہل وزراءکیخلاف کارروائی نہ ہوئی تو مستعفی ہو جائیں گے : ناراض گروپ پی ٹی آئی‘ عمران نے آج بنی گالہ بلا لیا

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے ناراض ارکان پرویز خٹک حکومت کے خلاف میدان میں آ گئے ہیں۔ عمران خان سے احتساب اور اصلاحات کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ یاسین خلیل نے کہا کہ نااہل وزیروں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو استعفیٰ دیدیں گے۔ عمران خان کے بلانے پر احتجاجی تحریک موخر کی ہے۔ خان صاحب سے پوچھیں گے آپ کے 13 نکاتی ایجنڈا پر کتنا عمل ہوا۔ عمران خان کو کئی لوگ اندھیرے میں رکھ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے منشور پر عملدرآمد بہت ہو رہا ہے۔ وزراءکو 18-18 گھنٹے کام کرنا چاہئے۔ وزراءکئی کئی ماہ دفاتر میں نہیں آتے۔ قبل ازیںعمران خان نے پی ٹی آئی کے ناراض ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو فون کیا اور آج سہ پہر 4 بجے بنی گالہ طلب کرلیا۔ تحریک انصاف کے ناراض گروپ کے ایم این اے خیال زمان کی رہائش گاہ پر اجلاس میں 4 ایم این ایز اور 6ایم پی ایز نے شرکت کی۔ لائرز ونگ کے علاوہ پارٹی کے بانی اور دیرینہ کارکن بھی شریک ہوئے تھے۔ ناراض ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہم عمران خان سے ملیں گے۔ سرکاری محکموں کی شکایات چیئرمین کے سامنے رکھیں گے۔ اسمبلی ارکان ایک عہدہ سنبھالیں‘ منسٹری لیں یا پارٹی‘ ہم کارکنوں اور عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے ان ناراض ارکان سے سختی سے پیش آنے کا امکان ہے۔ ناراض ارکان کے خیبر پی کے کی بعض اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے بتائے گئے ہیں جو ان جماعتوں کی آشیرباد سے تحریک انصاف اور خیبر پی کے حکومت کے خلاف مشکلات کھڑی کرنے کے موقع کو تلاش کر رہے ہیں۔
ناراض ارکان/ عمران

ای پیپر-دی نیشن