• news

شہدا کے قصاص، ملکی سالمیت کیلئے آج ریلیاں، دھرنے ہونگے: طاہر القادری

لاہور (لیڈی رپورٹر+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج 20 اگست کو ملک بھر میں قاتل حکومت کے خلاف شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے قصاص اور پاکستان کی سا لمیت کےلئے ریلیاں اور دھرنے ہونگے۔ آل شریف نے پنجاب کو دہشتگردی کا مرکز بنایا، حکمرانوں کا بال بال کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، کرپٹ قاتل حکومت کے خلاف چاروں صوبوں سے کارکن سڑکوں پر نکلیں گے، ہمارے ورکرز میں جوش و خروش اور دم خم 2014 والے دھرنے سے بھی زیادہ ہے۔ ہمارا احتجاج قصاص، انصاف اور سالمیت پاکستان کیلئے ہے، شریف برادران لوٹ مار کی دولت اور ریاستی طاقت کے بے رحم استعمال سے سلطنت شریفیہ قائم کرنا چاہتے ہیں انکی طیب اردگان اور امیر المومنین بننے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس کو ملک گیر احتجاج کے انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آج اگست کو لاہور، بہاولپور، فیصل آباد، اوکاڑہ، سرگودھا، رحیم یار خان، بہاولنگر، بھکر، حیدر آباد،سکھر، لاڑکانہ، بدین ، جیکب آباد،پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان، مانسہرہ، سبی، ڈیرہ مراد جمالی، گلگت، ڈیرہ اللہ یار، سانگھڑ، ہارون آباد، شور کوٹ، خان پور، پاک پتن، اوکاڑہ سمیت 82 شہروں میں احتجاج، دھرنے اور ریلیاں ہوں گی۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو تمام شہروں میں ہونیوالے احتجاج کی لمحہ بہ لمحہ معلومات حاصل کرے گا۔ لاہور میں ناصر باغ سے 3 بجے ریلی چیئرنگ کراس پر دھرنے کی شکل اختیار کرے گی جہاں دیگر جماعتوں کے رہنما خطاب کرینگے۔ ڈاکٹر طاہر القادری ملک کے 82 شہروں میں بیک وقت ویڈیو لنک پر خطاب کرینگے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ظالم نظام اور ظالم حکمرانوں کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں۔ قصاص و سالمیت پاکستان کی تحریک انقلاب کی منزل کی طرف پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20اگست کو 82 ، 21 اگست کو اکیس، 25 اگست کو بارہ، 27 اگست کو سترہ شہروں میں احتجاج ہو گا۔ علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی رہنماﺅں نے کہا ہے کہ دوبرس گزرجانے کے باوجود ہمیں انصاف نہیں ملا، ہم سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی شہیدہ تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ سمیت اپنے دیگر بھائیوں کا قصاص لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گی۔ آج سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے قصاص کیلئے احتجاج ہو گا جس میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگومیںکیا۔ ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہاکہ ماڈل ٹاﺅن میں شہید کر دی جانے والی شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد اس قوم کی بیٹیاں نہیں تھیں؟ افنان بابر نے کہا کہ حکمرانوں کے ایماءپر پولیس نے نعشیں گرائیں، اس ظلم کا مقصد ڈاکٹر طاہر القادری کی وطن آمد کو روکنا تھا۔ عائشہ قادری نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح 20 اگست سے 30 اگست تک شہر شہر ہونے والا ہمارا احتجاج بھی پرامن ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن