افغانستان: دھماکہ‘ یوم آزادی کی تقریب پر حملہ‘ 3 اہلکاروں سمیت 8 افراد ہلاک
کابل (اے پی پی + آن لائن) افغانستان کے وسطی صوبہ غور میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین فوجی اہلکارہلاک اور5زخمی ہوگئے،کنڑ میں افغانستان کے یوم آزادی کی تقریب پر راکٹ حملے میں دو شہری ہلاک اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت 49 افراد زخمی ہو گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز وسطی صوبہ غور کے علاقہ پاسابند میں فوج کی گاڑی سڑک میں نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ جس سے تین فوجی اہلکارہلاک اور5زخمی ہو گئے۔ اس علاقے پر کچھ عرصہ قبل طالبان نے قبضہ کرلیا تھا اورحال ہی میں فورسز نے دوبارہ کنٹرول حاصل کیا ہے۔ مشرقی صوبہ کنڑ میں افغانستان کے یوم آزادی کی تقریب پر راکٹ حملے میں 5 شہری ہلاک اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت 60افراد زخمی ہو گئے۔ کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ دریں اثناء افغانستان کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ افغان ائیرفورس کے 300اہلکار بھارت سمیت مختلف ممالک میں فوجی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ دوسری طرف افغانستان میں نیٹو اور امریکی کمانڈر جنرل جان نکلسن نے کہا ہے کہ افغانستان میں صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے درمیان سیاسی محاذ آرائی سے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ سیاسی محاذ آرائی کو ختم کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ امریکہ کی خواہش ہے کہ افغان قیادت ایک پیج پر ہو اور اپنے سیاسی اختلافات مل بیٹھ کر حل کریں۔ افغان قائدین پر زور دیا کہ ملک میں سیاسی نااتفاقیوں کو پنپنے کی اجازت نہ دی جائے۔صوبہ قندوز میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 20 طالبان جنگجو مارے گئے۔صوبائی پولیس ہجرت اللہ ا کبری کے مطابق آپریشن قندوز کے ضلع خان آباد میں کیا گیا۔