مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے‘ بھارت سنجیدہ نہیں: ملیحہ لودھی
نیویارک + اسلام آباد (آن لائن+ اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مسلسل بگڑتی جارہی ہے، بھارت کشمیر کے حل کے معاملے میں سنجیدہ نہیں‘ بالکل غیرسنجیدہ ہے‘ کشمیر کی بدامنی پورے خطے کے امن اور سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش جاری رہے گی کہ بھارت کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے۔ پاکستان بھارت کو خط کا جواب دے گا۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خراب ہے۔ انٹرنیشنل میڈیا اور انٹرنیشنل ہیومن رائٹس تنظیموں کے مطابق بھی کشمیر کا مسئلہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت کو بھی کہہ دیا ہے کہ دونوں کشمیر کے ایشو پر حقائق تیار کرلیں۔ اس لئے کشمیر کے ایشو پر بھارت پر دبائو بڑھ رہا ہے۔ کشمیر کا جب تک پر امن حل تلاش نہیں ہو تا تب تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں‘ اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے مودی حکومت کو قائل کرے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کو تمام فورم پر اجاگر کر رہا ہے تاکہ اس مسئلہ کے حل کیلئے عالمی توجہ حاصل کی جا سکے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا وزیراعظم محمد نوازشریف کے نام خط ہماری کوششوں کا ثبوت ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے خط میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔