امریکی شہری میتھیو کو وطن بھجوا دیا گیا‘بیوی بھی ساتھ روانہ‘ افغان اور سیاہ فام باشندہ بھی ملک بدر
لاہور + اسلام آباد (خبر نگار + آن لائن) پاکستان نے امریکی شہری میتھیو بیرٹ اور افغان شہری نانی خیل‘ سیاہ فام اپرک کو ملک بدر کر دیا ہے۔ میتھیو کی پاکستانی بیوی بھی ساتھ روانہ ہو گئی۔ افغان شہری ناروے حکام کو مطلوب تھا۔ امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو 6 اگست کو بینظیر ایئرپورٹ اسلام آباد سے گرفتار کیاگیا تھا۔ اس کا نام بلیک لسٹ میں بھی شامل تھا۔ افغان شہری نانی خیل کو پاکستان نے انٹرپول کے ذریعے ملک بدر کیا۔ میتھیو بیرٹ کو لاہور سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 711 کے ذریعے واپس بھجوایاگیا۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے دبئی سے آنے والے ڈیفنس لاہور کے 12 سالہ دانیال کو روک لیا۔ دانیال کے والد نے بعدازاں ذاتی مچلکہ پیش کرکے ایف آئی اے کی حراست سے رہا کرا لیا۔ علاوہ ازیں غیرقانونی طورپر پاکستان میں مقیم سیاہ فام باشندے ایرک ایڈوینس کو کوٹ لکھپت جیل میں 3 سال گزارنے کے بعد ملک بدر کرکے دبئی بھیج دیا گیا۔ ایرک کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ادھر ایف آئی اے نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جانے والے دو مسافروں کو بلیک لسٹ ہونے پر حراست میں لے لیا۔ جڑانوالہ کے زاہد اور ڈیرہ غازی خان کے اعجاز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہیں۔
ملک بدر