پاکستان انگلینڈ ون ڈے سیریز میں نو بال تھرڈ امپائر دے گا
لاہور(نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کرکٹ میں نیا تجربہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میچ کے دوران پائوں کے نو بال کی اطلاع آن فیلڈ امپائر نہیں بلکہ تھرڈ امپائر دے گا اور وہ پیجر گھڑی کے ذریعے یہ اطلاع دے گا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی پہلی بار فرنٹ فٹ نوبال کا ٹرائل کرے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں یہ تجربہ کیا جائے گا۔ میچ کے دوران چاروں اطراف لگے کیمرے سلوموشن کے ذریعے نو بال کی نشاندہی کرینگے ۔تھرڈ امپائر اور فیلڈ امپائر پیجر واچ کے ذریعے رابطے میں رہیں گے ۔جب نو بال ہوگی تو پیجر واچ میں وائبریشن شروع ہو جائیگی۔اگر پیجر واچ پیغام دینے میں ناکام ہوئی تو امپائر پہلے سے موجود سسٹم کے ذریعے رابطہ کرینگے ۔فیلڈ امپائر فیلڈ میں کیمرے نہ ہونے پر نوبال دیگا ۔آئی سی سی سینئر منیجر ایڈرین گرفتھ نے بتایا کہ نو بال کے نئے سسٹم کا مقصد فیلڈ امپائر سے زیادہ سے زیادہ بوجھ کم کرنا ہے ۔اگر ٹیکنالوجی کامیاب رہی تو سمجھیں گے کہ یہ فیصلہ درست وقت پر کیا ہے۔میچ آفیشلز کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی ۔امپائر ز کا ٹریننگ سیشن کل اور پرسوں ہوگا۔ٹیکنالوجی کے نتائج سے آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کو بھی مطلع کیا جائے گا جو مستقبل کے حوالے سے منصوبہ بندی کے بارے میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو آگاہ کرے گی ۔