• news

پاکستان میں ٹیلنٹ بہت پروان چڑھانے کیلئے طریقہ کار کی ضرورت ہے :جہانگیرخان

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)سکواش کے لیجنڈ کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ میں کامیابی خوشی کی بات ہے جو تجاویز بھیجی تھیں اُن پر عمل ہورہا ہے اور رزلٹ سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میںسکواش کا بہت ٹیلنٹ ہے اس ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے درست طریقۂ کار کی ضرورت تھی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن نے اکیڈمیز بناکردرست سمت میں کام شروع کردیا ہے۔پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری عامر نواز کا کہنا تھا کہ جونیئر کے ساتھ سینئر لیول پر بھی کامیابیاں ملی ہیں ۔ اکیڈمیز اور اچھے کوچز کی تقرری سے بھی اچھے نتائج ملے ہیں۔پنجاب سکواش فیڈریشن کے صدر ملک امجد علی نون نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلی اکیڈمی لاہور میں بنائی اب کئی دوسرے شہروں میں بھی اکیڈمیز بن چکی ہیں، پاکستان سکواش فیڈریشن اور پاک فضائیہ کا کردار اس حوالے سے بہت مثبت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن