کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے پوری قوم متحد ہو کر گھروں سے نکلے : طاہر القادری
گوجرانوالہ+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے قصاص ریلی اور دھرنے سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قصاص تحریک دہشتگردی کے خاتمے کی کنجی ہے‘ اگر سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہداءکا قصاص ہوگیا تو ملک سے دہشتگردی بھی ختم ہوجائے گی‘ ملکی بقاءاور سالمیت کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں‘ ہم نے بیک وقت احتجاج اور دھرنا دے کر پورے ملک کو ہلا دیا ہے‘ قصاص تحریک کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اور حصول انصاف کے لئے ہے‘ قصاص لے کر رہینگے‘پاکستان کے 20 کروڑ شہریوں کو آواز دے دی ہے‘ گھر بیٹھنے سے غربت اور مہنگائی کا خاتمہ نہیں ہوگا‘حکمران عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکے ہیں‘ ملک میں اندھیرے‘ بدامنی‘ بچوں کے اغواءاور بیروزگاری ودیگر مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم سے کہتا ہوں کہ سب لوگ اکٹھے ہو کر نکلو‘ الگ الگ احتجاج کرنے کا حکمرانوں کو کوئی اثر نہیں ہوتا‘ اگر آپ لوگ گھروں میں بیٹھ کر روتے رہو گے تو آپ کے آنسوﺅں کا حکمرانوں پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ اگر اپنے مسائل کاخاتمہ چاہتے ہو تو سب مل کر باہر نکلو اور حکمرانوں کے گریبان پکڑو۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر‘ وکیل‘ کسان‘ کلرک ہر طبقہ باہر نکلے اور مل کر احتجاج کرے‘ میں یہ نہیں کہتا کہ آپ پاکستان عوامی تحریک کے جھنڈے پکڑیں ‘ آپ اپنے اپنے جھنڈے لے کر نکلیں لیکن احتجاج مل کر کریں تاکہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل ہوسکے۔ طاہر القادری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے سے دہشتگردی ختم نہیں ہورہی اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے کا ذمہ دار کون ہے؟ اس کے خلاف اکٹھے ہوجاﺅ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے احتجاج اور رونے دھونے کا نتیجہ اس لئے نہیں نکلتا کہ احتجاج کرنے والے الگ الگ ہیں جبکہ ظالم متحد اور ایک ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصلی ڈگریوں والے سڑکوں پر جبکہ جعلی ڈگریوں والے اسمبلیوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظالمانہ نظام کو بدلنا ہمارا ایجنڈا ہے‘ 25اگست کو ڈی جی خان‘ 26 کو مظفر گڑھ‘27 کو ملتان اور28کو بلوچستان میں قصاص ریلیاں نکالی جائیں گی۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 2016ءنواز شریف کی سیاست کا آخری سال ہے ، پی اے ٹی کی تحریک قصا ص ،پی ٹی آئی کی تحریک احتسا ب اور عوامی مسلم لیگ کی تحریک نجات کا میاب ہو گی ،ملک میں جمہو ریت الیکٹرانک میڈیا کی بدولت ہے ‘ ان کہنا تھا کہ نواز شریف کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس کے چہرے پر دفعہ 144 لگی ہوئی ہے‘ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے غریب کو بجلی ،نوکری ،امن اور روزگار نہیں ملے گا‘ موبائل چوری کرنیوالے ماﺅں کی گودوں سے بچے چھین رہے ہیں، نواز شریف کو 14 شہادتیں کبھی معا ف نہیں کریں گے‘ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری سرور نے کہا کہ پی ٹی آئی شہدائے ماڈل ٹاﺅن کو انصاف دلانے تک عوامی تحریک کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی‘ ان کا کہنا تھا کہ لوگ فاقہ کشی کیوجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں‘ سیاست دان اربوں ڈالر سرمایہ بیرون ممالک منتقل کر رہے ہیں‘ چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظا لم کی تمام سیاسی جماعتیں مذمت کر رہی ہیں۔ وزیراعظم مودی کی دوستی چھوڑ کر اس ظلم کیخلاف آواز اٹھائیں۔ خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ حکمران چور ظالم لٹیرے ہیں‘ پاک فوج کو بُرا بھلا کہنے والوں کی زبانکھینچ لیں گے۔ نوازشریف کے اقتدار کو خطرہ ہو تو ہندوستان کی فوج بارڈر پر متحرک ہو جاتی ہے اور ملک میں دھما کے شروع ہو جاتے ہیں۔ قبل ازیںشہدائے سانحہ لاہور کے قصاص کےلئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی کال پر گوجرانوالہ میں ایک بڑی قصاص ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیاگیا۔ یہ ریلی جنرل بس اسٹینڈ سے شروع ہو کر شیرانوالہ باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ لاہور اور حکمرانوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ عوامی تحریک کی اس ریلی کی وجہ سے جی ٹی روڈ تقریباً چار گھنٹے تک بند رہی۔ وزیرآباد‘ حافظ آباد‘ ڈسکہ‘ گجرات‘ لالہ موسیٰ‘ نارووال اور کئی دیگر شہروں سے بھی قصاص تحریک کی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرین نے نعرے بازی کی اور علامتی دھرنے دئیے گئے۔ ٹی وی کے مطابق طاہر القادری کا کہنا تھا کہ میں پوری قوم کی جنگ لڑ رہا ہوں، وزیراعظم اور وزرا احتساب سے بالاتر ہیں، اس کا کون ذمہ دار ہے؟ ٹی او آرز اور احتساب میں رکاوٹ کا ذمہ دار کون ہے، ہر روز مال روڈ پر دھرنے ہوتے ہیں، کوئی نتیجہ نہیں نکلتا، 35 سال سے ایک ہی طبقہ اقتدار پر قابض ہے، یہ کیسی پارلیمنٹ ہے جو احتساب کیلئے ٹی او آر نہیں نہ بنا سکی، حکومت اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ ہے۔ علاوہ ازیں شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ایک شریف کی مدت تھوڑی ہے یہ اللہ کو پتہ ہے کہ وہ نوازشریف ہیں یا راحیل شریف ،29 اگست کو اسلام آباد میں آل پا رٹیز کا نفرنس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کسی صورت اپنا احتساب شروع نہیں کر یں گے ،پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے قانونی حل کیلئے آرمی نے بھی حکومت کو کہہ دیا ہے ، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے ملزمان ملک چھو ڑ کر بھا گ رہے ہیں بعض وزرا بھی فیملی سمیت ملک چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2016ءحکومت کے جانے کا سال ہے۔ شیخ رشید نے آل پارٹیز کانفرنس کیلئے تمام جماعتوں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔
طاہر القادری