دہلی گیٹ : شادی والے گھر کی چھت گر گئی‘ دلہن کی دو بہنوں اور والدہ سمیت پانچ خواتین جاں بحق
لاہور (سٹاف رپورٹر+ خبرنگار) تھانہ اکبری گیٹ کے علاقہ دہلی گیٹ میں شادی والے گھر میں خستہ حالی کے باعث3منزلہ مکان کی چھت گرنے سے دلہن کی 2 بہنوں اور والدہ سمیت 5 خواتین جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے‘ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا‘ گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں‘ افسوسناک واقعہ پر متوفی افراد کے عزیز و اقارب ڈھاریں مار روتے رہے ۔ معلوم ہو اہے کہ تھانہ اکبری گیٹ کے علاقہ دہلی گیٹ کے قریب سہیل نامی شخص نے گھر کی تیسری منزل جمیل کو کرائے پر دے رکھی تھی جمیل کی بیٹی شازیہ کی شادی کی تقریب تھی گذشتہ روز مہندی کی رسم تھی اسی دوران شدید خستہ حال گھر کی تیسری منزل کی چھت زور دار دھماکے سے نیچے آ گری اور ملبہ ساتھ موجود خالی پلاٹ پر آ گرا جس سے تیسری منزل پر موجود دلہن کی ماں45 سالہ تفصیلہ اور 2بہنیں 6 سالہ ماہ نور،10 سالہ اقصیٰ اور راولپنڈی سے آنیوالی 2 بہنیں 24سالہ مہوش اور 17سالہ دعا دم توڑ گئیں جبکہ دلہن شازیہ کا والد جمیل ، 30سالہ عائشہ ، 40سالہ نبیلہ ، 10سالہ ہارون اور 4سالہ ریحام زخمی ہو گئے اطلاع ملتے ہی امدای ٹیمیںموقع پر پہنچ گئیں اور ملبہ اٹھا کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا حادثے پر پورا علاقہ افسردہ ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والی ماں بیٹیوں کی نمازے جنازہ ادا کر دی گئی جس میں عزیز واقارب سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ 2بہنوں کی نعش تدفین کے لئے آبائی علاقہ راولپنڈی بھجوا دی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مالک مکان کیخلاف کارروائی کے لئے تاحال کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گھر کی چھت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
5 خواتین جاں بحق