خیبر ایجنسی : 6 دہشت گرد ہلاک‘ زیارت میں کالعدم تنظیم کا کیمپ مسمار....
اسلام آباد/ کوئٹہ/ زیارت (سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ اس آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے ہیں۔ دہشت گردوں کے 2 ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں ستارکلے‘ نارے ناڑ اور راجگال کے علاقوں میں فضائی آپریشن کیا گیا۔ دریں اثناءآئی ایس پی آر کے مطابق گلگت بلتستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا گیا جس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گرد ایک کار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ لے جانے کی کوشش کررہے تھے، ان دہشت گردوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 2 کلاشنکوف‘ 5 رائفلیں‘ 2 پستول‘ 270 ڈیٹونیٹرز‘ 1883 را¶نڈز اور خودکش جیکٹ بھی برآمد کر لی۔ نامہ نگار کے مطابق ایس ایس پی گلگت رانا منصور نے پریس بریفنگ میں بتایا مخبر کی اطلاع پر ایک دکان اور مکان پر چھاپہ مارا۔ اسلحہ و بارود گلگت میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کی نیت سے لایا گیا تھا لیکن ملزموں کے خوفناک منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے زیارت کے علاقے سنجاوی کے پہاڑوں میں آپریشن کیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کا کیمپ مسمار کر دیا۔ کیمپ سے ایک خودکش جیکٹ، دو کلاشنکوف، 5 دستی بم، راشن اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن اطراف کی پہاڑیوں میں بھی جاری ہے جبکہ پاک فوج کا ملک کے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے کومبنگ آپریشن میں ٹل سے 10 دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ آن لائن کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران سڑک کے کنارے نصب 3 بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دیں۔ آئی این پی کے مطابق اس دوران سکیورٹی فورسز کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔
خیبر ایجنسی