پانامہ لیکس کی ہر صورت تحقیقات ہونی چاہئے: آصف زرداری
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی ہر صورت تحقیقات ہونی چاہئے جس کیلئے اپوزیشن کے ٹی اوآر آئین اور قانون کے مطابق موثر ہیں۔ وہ لندن میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران پانامہ لیکس کے بعد پیدا ہونیوالی سیاسی آئینی صورتحال اور اپوزیشن کے احتجاج سمیت دیگر امور کے حوالے سے مشاورت اور آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آصف علی زرداری نے بابر اعوان کو سید یوسف رضا گیلانی کی جگہ پارٹی کا سینئر وائس چیئرمین کاعہدہ دینے کی بھی پیشکش کی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ انتہائی اہم ہے اور پیپلز پارٹی اس بارے میں پارلیمنٹ سمیت دیگر فورمز پر آواز بلند کر رہی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پانامہ لیکس کی ہر صورت شفاف اور جلد تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ قوم کے سامنے اصل حقائق آسکے۔ موثر ٹی آوآرز کے ذریعے ہی معاملے کی شفاف تحقیقات ممکن ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ احتساب کے بغیر ملک اور جمہو ریت نہیں چل سکتی‘ ملک میں شفاف احتساب وقت ْملک اور قوم کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب اعتزاز احسن نے تحریک انصاف کو سپریم کورٹ نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ اعتزاز احسن کہتے ہیں کہ اگر سڑکوں پر تحریک چلانی ہے تو سپریم کورٹ کا آپشن مناسب نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کریگی۔
زرداری