جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کی تیار، قومی ٹیم دورہ یورپ کیلئے ہالینڈ چلی گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے پاکستان کا جونیئر سکواڈ دورہ یورپ کے دوسرے مرحلہ کے لیے ہالینڈ روانہ ہو گیا۔ پاکستان جوینئر ٹیم دورہ یورپ میں ہالینڈ کی قومی جونیئر ٹیم کے خلاف پریکٹس میچز کھیلنے کے علاوہ سپین کی ٹاپ کلبوں کے خلاف پریکٹس میچز کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم کے کوچ عرفان سینئر کا کہنا تھا کہ جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے دورہ یورپ بڑی اہمیت کا حامل ہے جس میں اپنے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ تجربہ فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ گذشتہ ایک سال سے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور کوچنگ سٹاف جونیئر کھلاڑیوں پر بڑی محنت کر رہا ہے امید ہے کہ ہمارے کھلاڑی توقعات پر پورا اتریں گے۔ جونیئر ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے یورپی ٹیموں کے خلاف بھی حصہ لینا ہے جس کی بنا پر فیڈریشن نے جونیئر ٹیم کے لیے دورہ یورپ کا اہتمام کیا ہے۔ پاکستان جونیئر ٹیم کی خامیوں کو دور کیا جا رہا ہے تاکہ میگا ایونٹ میں اچھے نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ تربیتی کیمپوں میں شارٹ کارنر اور گول کیپنگ کے شعبہ پر توجہ دی جا رہی ہے۔