تاریخ میں پہلی بار : پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ کر نمبرون ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا
لاہور+مانچسٹر(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر+عارف چودھری) پاکستان کرکٹ ٹےم ٹیسٹ رینکنگ میں نمبرون ٹیم بن گئی۔ آئی سی سی نے111پوائنٹس کےساتھ پاکستان کے نمبرون ٹیم بننے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان نے آئی سی سی کی ٹیسٹ درجہ بندی میں روایتی حریف ہندوستان سے پہلی پوزیشن چھین کر درجہ بندی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ کا نتیجہ جیسے ہی برابری پر آیا پاکستان نے رویتی حریف ہندوستان سے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی پوزیشن چھین لی۔ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر چیف ایگزیکٹو آئی سی سی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے ۔اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ رینکنگ میںپاکستان کے پہلی پوزیشن پر آنے پر مصباح الحق مبارکبادکے مستحق ہیں۔اس حوالے سے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میںپہلے پاکستانی نمبرون ٹیم کے کپتان ہونے پر فخرہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برس میں ٹیم کے ساتھ وابستہ ہرکھلاڑی نے پاکستان کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانے میںا ہم کردار ادا کیا ۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پوزیشن حاصل کرنے والی پانچویں ٹیم ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اورہندوستان اس پوزیشن پر براجمان رہ چکے ہیں۔مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے 2013 سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں قومی ٹیم نے 10 سیریز کھیلیں جن میں سے 2 سیریز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔قومی ٹیم نے سابق عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کو متحدہ عرب مارات میں 0-2 سے وائٹ واش شکست دی تھی جبکہ مجموعی طورپر 4 سیریز میں کامیابی حاصل کی۔پاکستان ٹیم نے 2013 سے اب تک 5 سیریز برابر کردیں۔پاکستان نے حال ہی میں انگلینڈ کو ان کی سرزمین میں دو ٹیسٹ میچوں میں شکست دے کر سیریز کو برابر کردیا تھا جس کے بعد قومی ٹیم کی درجہ بندی میں سرفہرست آنے کے امکانات پیدا ہوئے اگر پاکستان اس سیریز میں کامیابی حاصل کرتا تو براہ راست پہلے نمبر پر آجاتا۔پاکستان کو آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن کے لیے ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے درمیان جاری سیریز کے نتیجے پر انحصار کرنا پڑا جہاں ہندوستان کو دوسے زیادہ میچوں میں کامیابی کی صورت میں پاکستان کو یہ پوزیشن نہیں مل سکتی تھی۔ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا آخری میچ بارش کی نذر ہوا جس کے باعث بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوا تاہم ہندوستان نے سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔ مانچسٹر سے عارف چودھری کے مطابق اگر پاکستان کرکٹ ٹیم اپریل 2017ءتک یہی پوزیشن رکھتی ہے تو آئی سی سی سے تقریباً دس کروڑ حاصل کرے گی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کپتان مصباح الحق، یونس خان، اظہر علی اور اسد کا ہاتھ ہے۔ مصباح الحق پاکستان کے پہلے کپتان ہیں جنہوں نے پاکستان کو اس پوزیشن میں پہنچایا۔