• news

پنجاب میں نہیں‘ عمران خان کے دماغ کے آپریشن کی ضرورت ہے: عابد شیر

جھنگ + فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے فیسکو ڈویژن جھنگ کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے فیسکو ڈویژن کی عمارت میں موجود مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور فیسکو ملازمین کے کام کا جائزہ لیا اور ملازمین کو ہر صورت عوام کے مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اوور بلنگ اور مختلف دیگر شکایات پر پانچ میٹر ریڈرز کو معطل کر کے ان خلاف مقدمات کے اندراج کا بھی حکم دیا‘ وزیر مملکت نے عام شہریوں کی فیسکو کے خلاف شکایات سنی اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ عابد شیر علی نے فیسکو دفتر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے اپنی مدت پوری کی ہے اسی طرح ہماری حکومت بھی پانچ سال پورے کرے گی اور عام انتخابات 2018ء میںہی ہونگے۔ نوازشریف کا نام پانامہ لیکس میں نہیں لٰہذا ان کا نام ٹی او آر میں کس طرح شامل کیا جا سکتا ہے۔ حکومت کے ترقیاتی کاموں کے باعث مخالفین پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کینیڈا سے اُٹھ کر عوام کو گمراہ کرنے آجاتے ہیں۔ انہوں نے تماشا لگایا ہوا ہے۔ عمران خان کے پنجاب اور لاہور میں رینجرز آپریشن کے حوالے سے انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آپریشن کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ عمران خان کے دماغ کے آپریشن کی ضرورت ہے۔ ایک صوبہ تو ان سے سنبھالا نہیں جارہا پہلے اس میں کوئی کام کریں پھر بات کریں۔ شیخ رشید سیاسی یتیم ہیں۔ شیخ رشید کے خلاف بھی تحقیقات ہونی چاہئے کہ وہ ایک سائیکل سے کس طرح بڑی بڑی گاڑیوں کے مالک بن گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں پورے پاکستان میں سرپرائز وزٹ کررہا ہوں تاکہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کرنیوالے اور صارفین کو اضافی بل ڈالنے والے تمام ملازمین کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ملک میں جاری بجلی بحران پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم نے انہیں فیسکو کی کارکردگی اور موبائل میٹر ریڈنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر جھنگ سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر خواجہ غلام یاسین‘ ایکسین اور ایس ڈی او حضرات بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن