10 روز میں کراچی کا کچرا صاف کیا جائے‘ جرائم میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑینگے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جرائم میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑیں گے، کراچی میں بچوں کے اغوا کے حوالے سے خبریں محض افواہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 10 روز میں شہر میں صفائی ستھرائی کی صورت حال کو بہتر اور جگہ جگہ موجود کچرے کے ڈھیر ختم کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کراچی میں صفائی کی صورتحال کے متعلق اجلاس ہوا ۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آئندہ 8 سے 10 روز میں شہر سے کچرا صاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کچرا نہیں بلکہ ملبہ بھی صاف کیا جائے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ بولنے کے بجائے کام کرتے ہیں اور بیان دینے کے بجائے کچھ کرنے پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ اگر انہوں نے کچھ ایسا کہہ دیا جو پورا نہ ہوا تو وہ بات پکڑ لی جائے گی۔ انہیں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالے 3 ہفتے ہوگئے اور اس دوران 17 منصوبوں کی منظوری دی جاچکی ہے۔ اس سے قبل ہونے والے اجلاس میں متعلقہ حکام کو چند اہداف دئیے تھے جسے پورا کرنے کے لئے تسلی بخش کام کیا گیا ہے۔ اب مزید اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ کچرا ہے، کراچی کو پہلے جیسا صاف ستھرا کردیں گے، اس کے علاوہ ساحل سمندر کو بھی صاف کیا جائے گا۔ وہ پورے سندھ کے دورے کریں گے، کراچی کے بعد سندھ بھر میں بھی کام ہوگا۔ بچوں کے اغوا کی وارداتیں کراچی میں نہیں،صرف افواہیں ہیں، انہوں نے گزشتہ روز ایک واردات سے متعلق سنا لیکن جب تفصیل معلوم کی تو معاملہ کچھ اور نکلا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا پتا نہیں کیا کیا کہتے ہیں، ان کی بات چھوڑدیں وہ تاریخ بن چکے ہیں۔