امن کی خاطر افغانستان کے ساتھ ہیں، مستقبل میں بھی کام کرتے رہیں گے: مودی
کابل (صباح نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ویڈیو لنک کے ذریعے افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ہمراہ کابل میں قدیم قصر دارالامان کی دوبارہ تزئین و آرائش کے بعد مشترکہ طور پر اس کا افتتاح کردیا۔ افغان نیوز ایجنسی کے مطابق اس موقع پر ویڈیو لنک سے خطاب کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے افغانستان کے ساتھ دوستی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور افغانستان دل و دماغ سے قریبی دوست ہیں۔ 1 ارب 25 کروڑ بھارتی عوام امن کی خاطر افغانستان کے ساتھ ہیں اور ایک خوشحال، پرامن افغانستان کے لئے بھرپور ساتھ دینگے۔ قصر الامان محل دونوں ممالک کی دوستی اور ترقی کا عکاس ہے اور بھارت مستقبل میں بھی افغانستان کے ساتھ ہمیشہ کام کرتا رہے گا۔ افغان صدر اشرف غنی نے تاریخی محل کی بحالی میں مدد کرنے پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم بھارت کی حکومت اور عوام کے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دکھ سکھ میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات قائم ہو رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ برس بھارت اور افغانستان کے سربراہان مملکت نے ہرات کے مقام پر 30 کروڑ ڈالر کی لاگت سے بننے والے فرینڈ شپ ڈیم کا افتتاح کیا تھا، جبکہ گذشتہ سال دسمبر میں ہندوستان کی جانب سے افغانستان کو پارلیمنٹ کی عمارت بھی بطور تحفہ تعمیر کرکے دی گئی۔