سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا آخری مرحلہ‘ میئرز سمیت عہدیداروں کا انتخاب کل ہوگا
اسلام آباد (این این آئی) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت میئر، ڈپٹی میئر سمیت دیگر بلدیاتی عہدیداروں کا انتخاب (کل) بدھ کو ہو گا۔ الیکشن کمشن کے مطابق سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کی میونسپل کمیٹیز، ٹائون کمیٹیز، ضلعی کونسلز، میونسپل کارپوریشن، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمینوں، ڈپٹی چیئرمینوں کے انتخاب کیلئے الیکشن کل 24 اگست کو ہوںگے۔ الیکشن کمشن نے صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔ الیکشن کمشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمشن نے اس حوالے سے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس الیکشن پراثر انداز ہونے کیلئے کسی قسم کی ترقیاتی سکیموں کا اعلان نہ کریں۔ تمام سرکاری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال نہ کریں، بصورت دیگر سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے مطابق ان کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔