• news

’’ سردار یوسف نے حج کوٹہ بھانجے کو دیدیا‘‘ قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے ارکان کا احتجاج

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مذہبی امور کے اجلاس میں ارکان نے مرضی کا حج کوٹہ نہ ملنے پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کے خلاف شکایات کا دفتر کھول دیا اور الزام عائد کیا کہ انہوں نے حج کوٹہ کی تقسیم اپنے بھانجے کے سپرد کرکے ارکان کا استحقا ق مجروح کیا ہے ارکان اسمبلی کو 2 حاجیوں کے کوٹہ کو ناکافی قرار دیکر 3 حاجیوں کا کوٹہ دینے کا مطالبہ کر دیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور اور سیکرٹری کوارکان اسمبلی کا نئے سرے سے حج کوٹہ بحال کرنے کے لئے دونوں کو 2 ستمبر کو منعقد ہونے والے مجلس قائمہ کے اجلاس میں طلب کر لیا گیا۔ پیر کو قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا حافظ عبدالکریم کی زیر صدارات اجلاس ہوا جس میں ارکان حج پالیسی پر عملدرآمدکا جائزہ لینے کی بجائے اپنے حج کوٹے کا رونا روتے رہے ، ارکان نے کہا کہ ہمارا حج کوٹہ بحال کیا جائے یا صدر اور وزیر اعظم کا حج کوٹہ بھی ختم کیا جائے شاہدہ اختر علی نے کہا کہ ایم این ایز کے لئے حاجیوں کے لیے مختص کوٹے پر عملدرامد نہیں ہو رہا،وزارت مذہبی امور کے تمام اختیارات ایک بھانجے کے ہاتھ میں دیدئیے گئے۔ شگفتہ جمانی نے کہا کہ ہم بار بار وزارت کے چکر لگاتے ہیں لیکن وزیر ملتے ہیں اور نہ ہی سیکرٹری فون اٹھا تا ہے ،بتایا جائے کہ وی وی آئی پی فلائٹ کب جائے گی، وزیر مملکت مذہبی امور پیرامین الحسنات نے کہا کہ اس سال کوئی وی آئی پی فلائٹ حج پر نہیں جا رہا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر رواں برس قومی اسمبلی اور سینیٹ ارکان کو دو ،دوافراد کا حج کوٹہ دیا گیا ہے، ایک دو روز میں ارکان کے کوٹہ کا معاملہ حل کرنے کی کوشش کروںگا۔

ای پیپر-دی نیشن