• news

سعودی حکومت نے حج کے موقع پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے منصوبے کی منظوری دیدی

ریاض (اے پی پی) سعودی عرب کی حکومت نے حج کے موقع پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے منصوبہ کی منظوری دیدی۔سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد اورسپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ محمد بن نائف نے حج کے موقع پر محکمہ شہری دفاع کے مرتب کردہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے منصوبہ کی منظوری دیدی ہے ۔سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل محکمہ شہری دفاع لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبداللہ الامر نے بتایا کہ سعودی عرب نے پرامن اورپرسکون انداز میں حج کے احکامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حج کے موقع پر کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے 17ہزار سکیورٹی اہلکاروں و افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہیں جن کے پاس جدید ترین سازوسامان ہوگا۔اسی طرح ہنگامی حالت میں حجاج کرام کے انخلاء کیلئے بھی مکمل تیاریاں کی گئیں ہیں۔دریں اثناء مقامات مقدسہ تک رسائی کیلئے 16ہزار بسوں کا انتظام کرلیا گیا۔ دریں اثنا سعودی عرب نے غیرقانونی طریقے سے بیرون اور اندرون ملک سے حج کے لیے مکہ مکرمہ پہنچنے والے 70 ہزار افراد کو واپس کر دیا۔سعودی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی حکام نے غیرقانونی طریقے سے بیرون اور اندرون ملک سے حج کے لیے مکہ مکرمہ پہنچنے والے 70 ہزار افراد کو واپس کر دیا ہے۔ عازمین حج کو بلا اجازت یا غیرقانونی طور پر مکہ مکرمہ لانے میں ملوث 28 ہزار گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کیے گئے یا گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض ایسی گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں جو حجاج کرام کے سفر کے لیے نا مناسب ہیں جب کہ مناسب سمجھی جانے والی ان گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کیے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن