راولپنڈی: کانگو وائرس کا شکار نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا
راولپنڈی + کوئٹہ (آن لائن+ این این آئی) راولپنڈی کے ہسپتال میں زیر علاج کانگو وائرس کا شکار گجرات کا رہائشی جواں سال مریض 4دن تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔ 35سالہ شہزاد کو شدید بخار کے باعث 19اگست کو گجرات سے راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ فوجی فائونڈیشن ہسپتال میں زیر علاج تھا دوران علاج نوجوان میں کانگو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، گزشتہ روز وہ دم توڑ گیا ضابطے کی کارروائی کے بعد نوجوان کی میت گجرات روانہ کر دی گئی یاد رہے کہ اس وقت راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں میں 10کے قریب ایسے مریض زیر علاج ہیں جن میں کانگو وائرس کی علامات موجود ہیں علاوہ ازیں حکومت بلوچستان کے سیکرٹری لائیو سٹاک محمد صدیق مندوخیل نے کہا ہے کہ کانگو وائرس سے اب تک 9افراد جاں بحق اور12متاثر ہوئے اس مہلک وائرس کیخلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سپرے شروع کیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ جراثیم جانوروں میں موجود چیچڑ کے کاٹنے سے پھیلتی ہے اور بعد میں انسانوں تک پھیل جاتا ہے ۔