• news

علی پور چٹھہ: مکان کا تنازعہ، ماں کیساتھ ملکر چھوٹے بھائی کو پھندا دیکر مار ڈالا

علی پور چٹھہ (نامہ نگار) مکان کے تنازع پر بڑے بھائی نے ماں کے ساتھ مل کر چھوٹے نشئی بھائی کے گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر مار ڈالا اور قتل کو خود کشی کا رنگ دینے کا ڈرامہ رچا دیا۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں بھوماں باٹھ کے 30سالہ ابو سفیان کا کچھ عرصہ سے اپنے چھوٹے بھائی 25سالہ فخر زمان سے مکان کا تنازع چل رہا تھا۔ فخر زمان نشہ کرتا تھا اور اپنی بیوی کو بھی طلاق دے چکا تھا۔ نشہ کی وجہ سے کوئی کام بھی نہیں کرتا تھا اسی لیے گھر میں جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز جھگڑا حد سے بڑھا تو ابو سفیان نے ماں کے ساتھ مل کر فخر زمان کو پکڑ لیا اور اس کے گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر اسے قتل کر دیا اور نعش کو پنکھے سے لٹکا دیا اور شور مچا دیا کہ فخر زمان نے خود کشی کر لی ہے۔ علی پور چٹھہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے ابو سفیان کو گرفتار کر لیا اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے وزیر آباد بھیج دیا۔

ای پیپر-دی نیشن