مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق خان کا سیز فائر لائن توڑنے کا اعلان
نیلہ بٹ (صباح نیوز) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے کوئی محروم نہیں رکھ سکتا۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے، نہتے اور معصوم کشمیریوں کے ساتھ بھارتی فورسز خون کی ہولی کھیل رہی ہیں۔ جلد مجلس عاملہ کا اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔ پہلے مرحلے سیز فائر لائن کے پاس احتجاجی مظاہرے ہونگے اور پھر تائو بٹ سے چم تک ساری سیز فائر لائن توڑیں گے۔ حکومت پاکستان مودی کی محبت میں گرفتار ہے۔ مسلم کانفرنس پاکستان کی دفاعی قوتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 23 اگست 1947ء کو مجاہد اول نے یہاں سے تحریک آزادی کا آغاز کیا۔ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے تمام حربے استعمال کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے یہاں نیلہ بٹ کے مقام پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عتیق نے کہا کہ سرینگر میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔