غیروں کے بہکاوے میں آنیوالے واپس آکر ملک کی خدمت کریں، خوش آمدید کہیں گے: کمانڈر سدرن کمان/پڑوس میں دہشت گردی کی نرسری ہے: آئی جی ایف سی
نوشکی (نوائے وقت رپورٹ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے گزشتہ روز نوشکی کا دورہ کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے شہید صفی اللہ پبلک سکول و کالج میں ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا اور گرلز سیکشن کا افتتاح کیا۔ انہوں نے آئی جی ایف سی کے ہمراہ نوشکی ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر حاضری دی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ اور آئی جی ایف سی نے قبائلی و سیاسی رہنمائوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل عامر ریاض نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی تمام راہیں بلوچستان سے گزرتی ہیں۔ پنجاب، سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان پاکستان کی روح ہیں۔ غیروں کے بہکاوے میں آنے والے واپس آکر ملک کی خدمت کریں۔ واپس آنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے کہا کہ پاکستان کے پڑوس میں دہشت گردی کی نرسری ہے، عوام کے تعاون سے ملک دشمن عناصر کو شکست دیں گے۔ بلوچستان میں امن قائم کرکے امن دشمنوں کو شکست دی ہے۔ تعلیم، ترقی و خوشحالی سے جہالت کو شکست دیں گے۔