آج ڈی جی خان میں دھرنا دینگے، قومی ایشوز پر ایسے بے حس حکمران نہیں دیکھے: طاہر القادری
لاہور (آن لائن) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ایشوز پر اتنے بے حس اور مجرمانہ سوچ کے حامل حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ قصاص اور سا لمیت پاکستان کی تحریک اب نہیں رکے گی۔ آج (25 اگست )جنوبی پنجاب میں میدان لگے گا ۔ڈی جی خان میں درجنوں اضلاع کے عوام احتجاج کرینگے اور دھرنا دینگے ۔سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل حکمران قانون کے شکنجے ،عوام کے غضب اور اللہ کی گرفت سے کبھی نہیں بچ سکیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف بشکل قصاص ہو کر رہے گا۔ گذشتہ روز اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ آج 25 اگست ڈی جی خان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، سردار شاکر مزاری احتجاجی ریلی اور دھرنے کی قیادت کرینگے جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ اور پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار سیف الدین کھوسہ خصوصی شرکت اور خطاب کرینگے۔احتجاجی ریلی ڈی جی خان فیصل مسجد سے شروع ہو کر ٹریفک چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک کے انقلابی کارکنوں کی منزل ظلم اور کرپشن سے پاک پاکستان ہے۔ دہشتگردی کے واقعات ہوں یا دہشتگردانہ بیانات یہ سب ایک ہی سلسلے کی کڑیاں اور تسلسل ہے۔ان سازشی زلزلوں کا مرکز بھی ایک ہے۔ آج کے خطاب میں اس پر تفصیل سے روشنی ڈالوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے ہر طرف سے وار ہورہے ہیں، پاکستان کو توڑنے کی گریٹ گیم کے راستے کی واحد رکاوٹ پاکستان کی فوج اور اس کے محب وطن عوام ہیں۔ عوام ملک بچانے اور قاتل بھگانے کی اس تحریک میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک کی دستاویز نے بتادیا ہے کہ دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں 70فیصد کمی ہوئی جبکہ پاکستان میں صرف 35فیصد قیمتیں کم ہوئیں پاکستان کے عوام سے تین سال سے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں حکومت 35فیصد بھتہ لے رہی ہے۔