• news

بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری‘ گوجرہ میں احتجاج‘ 24 مظاہرین کیخلاف مقدمہ

لاہور (نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ کاروبار بھی متاثر رہے اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ گوجرہ میں بجلی کی طویل بندش کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور پینسرہ روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا۔ پولیس نے 24 مظاہرین کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ گوجرہ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی چار روزہ بندش کے خلاف احتجاجی کرنے والے 24 دیہاتیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ گزشتہ روز چک نمبر 280ج ب دُگل میں چار روز سے بجلی بند تھی جس پر دیہاتیوں نے پینسرہ روڈ بلا ک کرکے احتجاج شروع کردیا اور ٹائروں کو آ گ لگا کر شدید نعرہ بازی کی۔ اطلاع ملنے پر نواں لاہور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مذاکرات کے بعد دیہاتیوں کو منتشر کردیا اور بعد ازاں تھانہ پہنچ کر ارشد علی ساہی، غلام نبی نمبردار، حسن دگل، محسن ڈھلوں، امتیاز نمبردار، شاہد سمرا، محمد صبور، معظم علی، بشیر، یاسر، وقاص، وسیم وغیرہ 24 سے زائد افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ تاجر طبقہ پریشان، شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فی الفور ختم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن