• news

ہائیکورٹ بار نے متحدہ رہنمائوں پر غداری کا مقدمہ چلانے‘ پارٹی رجسٹریشن منسوخی کی قرارداد منظور کرلی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار نے پاکستان مخالف تقاریر کرنے پر ایم کیو ایم کے رہنمائوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے اور سیاسی جماعت کی حیثیت سے متحدہ قومی موومنٹ کی رجسٹریشن کی منسوخی کے حق میں قرارداد منظور کر لی۔ ایم کیو ایم کے قائد اور کارکنوں کی جانب سے پاکستان مخالف تقاریر کے خلاف بار کا جنرل ہائوس اجلاس سیکرٹری انس غازی کی سربراہی میں ہوا‘ درجنوں وکلاء نے شرکت کی اور ایم کیو ایم کے خلاف نعرے بازی کی۔ وکلاء رہنمائوں نے خطاب میں کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے پاکستان مخالف تقاریر کیں جو کہ ملک سے واضح غداری ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنمائوں کی ریاست مخالف بیان بازی ان کیخلاف واضح چارج شیٹ ہے۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائدین را کے ایجنٹ ہیں۔ دوسری جانب جسٹس پارٹی کے چیئرمین ملک منصف اعوان نے الیکشن کمشن میں متحدہ کی بطور سیاسی جماعت منسوخی رجسٹریشن کی درخواست دائر کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن