مسعود خان آج آزاد کشمیر کے صدر کا حلف اٹھائیں گے
اسلام آباد (آن لائن) مسعود خان آج (جمعرات کو) آزاد کشمیر کے 26ویں صدر کا حلف اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے صدارتی امیدوار مسعود خان کے حق میں 42 ووٹ پڑے جبکہ ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے امیدوار چودھری لطیف اکبر کو 6ووٹ مل سکے، مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف نے صدارتی انتخابات میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔ واضح رہے کہ مسعود خان 2سال قبل وزارت خارجہ سے گریڈ 22 میں ریٹائر ہوئے، منصب صدارت سے پہلے وہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے تھے، مسعود خان دنیا کے کئی ممالک میں پاکستانی سفارتکار کی حیثیت سے کام کر چکے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب کے علاوہ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کے مستقبل مندوب رہے ہیں۔