• news

امن کی صورتحال بہتر ہو گئی، سرمایہ کاروں کو سہولتیں دے رہے ہیں: صدر ممنون

اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی ہے‘ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو حکومت تمام تر سہولیات مہیا کررہی ہے‘ یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں اپنا سرمایہ لگا رہے ہیں جو پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے‘ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز ایوان صدر میں ترک سرمایہ کار کمپنی کے او سی ہولڈنگ کے صدر فتحی کمال ابیکلی اوگلو کی قیادت میں ترکی کے بڑے سرمایہ کار گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکی کے سفیر صادق بابرگرگن بھی موجود تھے۔ صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان کے ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر نی چاہیے تاکہ ان تعلقات میں مزید اضافہ ہو سکے۔ پاکستان میں بجلی کی پیداوار اور تعمیری منصوبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جس میں ترکی کے سرمایہ کار اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے وفد پر زور دیا کہ وہ دوسرے سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک اعتدال پسند، امن پسند اور ترقی پسند اسلامی ریاست ہے، دنیا میں پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کے بارے میں لوگوں کے درمیاں پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کی جا سکیں۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز بیرون ملک تعینات ہونے والے پاکستان انفارمیشن گروپ کے پریس افسروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ پریس افسران پاکستان کے بارے میں مؤثر امیج اور بیداری پیدا کرنے اور ملک کو ایک حقیقی جمہوری اور ترقی پسند ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن