• news

برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد پاکستانی برآمدات 23 فیصد کم ہوگئیں

لاہور(احسن صدیق ) برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کے بعد رواں مالی سال 2016-17 میں جولائی کے دوران برطانیہ کو پاکستانی برآمدات میں 23 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اسی مدت میں درآمدات بھی 25 فیصد کم ہو گئیںہیں۔ وفاقی وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال 2016-17 میں جولائی کے دوران دونوں ملکوں کی باہمی تجارت کا حجم 15 کروڑ 36 لاکھ 31 ہزار ڈالر رہا جو گزشتہ سال جولائی سے 23 فیصد کم ہے۔ گزشتہ جولائی کے دوران 20 کروڑ 3 لاکھ ڈالر کی تجارت ہوئی تھی رواں مالی سال پہلے ماہ میں برطانیہ کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 11 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہا گزشتہ سال 15 کروڑ 11 کروڑ ڈالر مالیت کی اشیا برطانیہ بھجوائی گئی تھیں جبکہ درآمدات کا حجم 3 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہ گیا ہے جو پچھلے سال تقریبا 5 کروڑ ڈالر تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستان کی برطانیہ کو برآمدات میں 20 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا تھا۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی کے باعث پاکستان اور بھارت کی تجارت کم ہو گئی ہیں جولائی میں باہمی تجارت کا حجم پچھلے ماہ سے 26 فیصد کم رہا۔ رواں مالی سال کے پہلے ماہ دونوں ملکوں کی باہمی تجارت کا حجم 12 کروڑ 77 لاکھ ڈالر رہا، جون میں 16 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کی تجارت ہوئی تھی وفاقی وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق جولائی کے دوران پاکستان کی بھارت کو برآمدات 19 فیصد کمی سے تین کروڑ 88 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ درآمدات کا حجم 22 فیصد کمی سے 8 کروڑ نواسی لاکھ ڈالر رہا جبکہ جون میں بھارت کو برآمدات کا حجم 4 کروڑ 79 لاکھ ڈالر، اور درآمدات کا 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا، جولائی کی باہمی تجارت میں پاکستان کو پانچ کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارے کا سامنا رہا۔

ای پیپر-دی نیشن