• news

شام: دستاویزات کے انتظار میں دھڑ سے جڑے بچے آپریشن سے قبل چل بسے

دمشق (بی بی سی) شام میں دو جڑواں بھائی جن کے جسم جڑے ہوئے تھے بیرون ملک سفر کے لیے دستاویزات کے انتظار میں چل بسے۔ نوراس اور معاذ 23 جولائی کو دوما کے زہرا ہسپتال میں آپریشن کے ذریعے پیدا ہوئے۔ پیدائش کے وقت بچوں کا وزن 12 پونڈ تھا۔ دوما قصبہ شامی باغیوں کے قبضے میں ہے لیکن گذشتہ دو برسوں سے صدر بشار الاسد کی حامی افواج نے قصبے کو گھیر رکھا ہے اور عملاً کوئی چیز حکومتی افواج کی مرضی کے بغیر اس قصبے میں نہیں پہنچ سکتی۔ سیرین امریکن میڈیکل چیرٹی کی جانب سے اپیل کے بعد حکومت نے 12 اگست کو دونوں بچوں کو اپنی ماں کے ہمراہ دمشق منتقل ہونے کی اجازت دی تھی۔ معاذ اور نوارس کے دھڑ سینے سے جڑے ہوئے تھے اور دونوں کا دل ایک ہی تھیلی میں تھا۔ ڈاکٹر محمد قطب نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پوری دنیا مل کر بھی ان بچوں کو شام سے باہر منتقل کرنے کی اجازت نہ حاصل کر سکی۔ قطب نے پچھلے ہفتے وال سٹریٹ جرنل کو بتایا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ بچوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت اس لیے نہیں دی جا رہی کیونکہ ان کے علاج کی پیشکش امریکہ اور سعودی عرب سے آئی تھی۔ شام کی وزارت خارجہ کی مداخلت کی وجہ سے بچوں کو بیرون ملک سفر کی ضروری دستاویزات جاری نہیں کی جا سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن