کیا ورلڈ بنک کو کسی مستحق کمپنی کو نیلامی سے خارج کرنے کا اختیار ہے: چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے داسوڈیم کی تعمیرات رکوانے کے لئے واپڈا کی درخواست کی مزید سماعت آج جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ کیا کل تخمینہ 37.8 منصوبے میں سے صرف د س فیصد فنڈزفراہم کرنے والے ورلڈ بنک کو یہ ویٹو پاورحاصل ہے کہ وہ کسی مستحق کمپنی کو تعمیراتی کام کیلئے ہونے والی نیلامی سے خارج کر دے؟ چائنا پاور کنسٹرکشن کمپنی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میری موکل کمپنی بین الاقوامی شہرت کی حامل پاورکنسٹرکشن کمپنی ہے جس نے تھری گارجیزڈیم سمیت کئی بڑے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مکمل کئے ہیں یہاں پاکستان میںداسوڈیم کے تعمیراتی کام کیلئے میری موکل کمپنی سمیت دوکمپنیوں نے پری کوالیفائی کر لیا تھا جس کے بعد پراجیکٹ منظوری کیلئے ورلڈ بینک کے پاس چلاگیاہے جس نے کسی وجہ کے بغیر میری کمپنی کو ٹینڈر میں شرکت سے روکدیا ہے۔ ورلڈ بینک یہاں پاکستان میں کام کر رہا ہے اسے یہاں کے قوانین کے مطابق چلنا چاہئے، عدالت کو واپڈاکے وکیل شہزادہ مظہر نے پیش ہوکر بتایاکہ چائناکمپنی کو چار ہفتوں میں اعتراضات کاجواب دینے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن اس نے سول اپیل دائرکی جوہائیکورٹ نے خارج کر دی۔