• news

الطاف کسی کو پارٹی دینے والے ہیں نہ فاروق ستار کے پاس جان بچانے کے سوا آپشن: مصطفی کمال

کراچی (خصوصی رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والوں نے یہ نیا طریقہ نکالا ہے، یہ نہ الطاف حسین کو ناراض کرنا چاہتے ہیں اور نہ ایم کیو ایم چھوڑنا چاہتے ہیں، آپ کو ایک طرف ہونا پڑے گا ایک کو صحیح قرار دیں اور دوسرے کو غلط، الطاف حسین یہ پارٹی کسی کو دینے والے نہیں ہیں۔ فاروق ستار کے پاس اپنی جان بچانے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں کہ یہ لوگ کامیاب ہو جائیں اور لوگ مرنا مارنا چھوڑ دیں ہمارا مقصد پورا ہو جائے گا۔ انٹرویو میں مصطفی کمال نے کہاکہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس کا کریڈٹ بھی ہمیں دیں کہ یہ ریت ہم نے ڈالی کہ ڈٹ کے سامنے آئے۔ الطاف حسین اگر ایم کیو ایم سے بالکل الگ ہو جائیں تو آپ کا ایم کیو ایم پر سے اعتراض ختم ہوجائے گا؟ اس سوال پر مصطفی کمال نے کہا کہ فاروق ستار و دیگر رہنمائوں کو چاہئے کہ وہ لوگوں میں جا کر اپنی بنیاد بنائیں۔ ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ معافی نامہ آجائے گا، اس معافی نامے کے بعد امریکہ میں تقریر ہوئی جس میں دوبارہ ہرزہ سرائی کی گئی۔ امریکہ، اسرائیل، افغانستان اور بھارت سے مدد طلب کی گئی، قائد متحدہ نے اپنی تقریر میں بھارت کے ہندوئوں سے معافی مانگی اور کہا کہ اگر اسی طرح ملک کو چلانا ہے تو ملک مخالف تقریر کرنے والے مزید لوگ پیدا ہوجائیں گے، قائد تحریک کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہوتا اور یہ لوگ قائد کو پارٹی سے الگ کریں گے؟ یہ لوگ مہاجروں کو بھیڑ بکری سمجھتے ہیں کہ جہاں چاہیں گے لے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن