• news

متحدہ تنقیدی رائے کا احترام، حکومت سخت ردعمل ظاہر نہ کرے: امریکہ

واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکا نے کراچی میں جاری سیاسی کشمکش پر انتہائی محتاط انداز میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پر زور دیا ہے کہ وہ تنقیدی رائے کا احترام کرے جبکہ حکومت کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سخت ردعمل ظاہر نہ کرے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے ایک نیوز بریفنگ کے دوران کراچی کی صورتحال کے حوالے سے کہا، 'ہم اب تک اس حوالے سے معلومات اکٹھی کرکے جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا ہوا اوراس وقت تک ہم مزید کچھ نہیں کہیں گے، تاہم امریکی عہدیدار نے کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر مشتعل ہجوم کے حملے کی مذمت میں کسی قسم کے تذبذب سے کام نہیں لیا اور اسے 'توڑ پھوڑ' کا عمل قرار دیا۔ مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے حملے کے بعد ایم کیو ایم کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا جبکہ پارٹی کے ہیڈکوارٹر نائن زیرو کو بھی سیل کردیا۔ میڈیا ہاؤسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، 'ایک جمہوری معاشرے میں تنقیدی رائے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، نہ کہ اسے خاموش کروا دیا جائے۔ جب ان سے ایم کیو ایم کے لوگوں کی گرفتاری کے حوالے سے پوچھا گیا تو مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی سیاسی جماعت کے ارکان کو حراست میں لیا جاتا ہے تو امریکا اس پر تحفظات کا اظہار کرتا ہے۔ تاہم سیاسی اختلافات کے اظہار کی آزادی کی حمایت کرتے ہوئے مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مظاہرے پرامن ہونے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن