• news

ترکی اور طیب اردگان کا دشمن میرا دشمن ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے استنبول میں ترکی کے وزیر صحت رجب اردگان سے ملاقات کی، جس میں ترکی کے تعاون سے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ترکی میں گزشتہ ماہ بغاوت کی کوشش کو ناکام بنانے پر ترکی کی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی میں ماضی میں ٹینک آتے تھے اور اذانوں کی آوازیں بند کرا دیتے تھے، اس دفعہ اذانوں نے ٹینکوں کا راستہ روک دیا اور انہیں بھگا دیا۔ ترکی کا دشمن ہمارا دشمن ہے اور جو رجب طیب اردگان کا دشمن ہے وہ میرا بھی دشمن ہے۔ ترکش وزیر صحت نے تمام مصروفیات ترک کر کے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور ترکش وزیر صحت کی ملاقات کے دوران طے پایا کہ اگلے ماہ ترکی کے ہیلتھ کیئر کے ماہرین کا خصوصی وفد پنجاب کا دورہ کرے گا اور ترکش ہیلتھ ماہرین پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کا مکمل جائزہ لیکر سفارشات پیش کریں گے۔ دریں اثناء ترکی کی وزارت صحت کے دفتر میں محکمہ صحت پنجاب اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، کئیر سسٹم اور پبلک ہیلتھ کے پروگراموں کو بہتر بنانے کیلئے تعاون فراہم کرے گی وزارت صحت اپنے تجربات اور مہارت فراہم کرے گی، وزارت صحت ترکی اور پنجاب حکومت پبلک ہیلتھ کے شعبے میں بہتری کیلئے تعاون کو فروغ دیں گے۔ ترکی کا پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ ، پنجاب کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں اصلاحات اور اسے جدید بنانے میں تکنیکی معاونت دے گا کانگو وائرس کے خاتمے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہونے والا معاہدہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ علاوہ ازیں محمد شہبازشریف نے استنبول میں ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترک عوام نے بغاوت کے دوران جمہوریت کا مضبوط دفاع کر کے تاریخ ساز مثال قائم کی ہے۔ ترکی میں بغاوت کو ناکام بناکرترک عوام نے جمہوریت سے گہری وابستگی ثابت کی ہے۔ ترک عوام نے عوام کی حاکمیت کے نظریے پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ ترک عوام نے ٹینکوں کے سامنے لیٹ کر اپنے ملک میں جمہوریت کو بچایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی عوام ترکی اور ترک عوام پاکستان کواپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کو دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ہے۔ دہشت گرد اور انتہاپسند اقوام عالم کے مشترکہ دشمن ہیں جن سے نمٹنے کیلئے مل کر اقدامات کرنا ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے پاک ترک دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ شہباز شریف نے عالمی رہنمائوں کے ساتھ ترکی کے شہر استنبول میں یاویز سلطان سلیم پل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، شہباز شریف نے جدید ترین اور فن تعیمر کا شاہکار پل بنانے پر ترک صدر رجب طیب اردگان اور دیگر رہنمائوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں ترکی نے جو غیر معمولی ترقی کی ہے وہ اقوام عالم کے لئے ایک مثال ہے۔ استنبول سے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ، لاہور میں کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت دیگر شہروں میںگزشتہ روز شدید بارشوںسے پیدا ہونیوالی صورتحال اورنکاسی آب کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کابینہ کمیٹی کو مون سون کے دوران متحرک اورفعال انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونیوالی دونوں بچیوں کے لواحقین کیلئے پانچ ،پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن