پاکستان کیلئے اولمپک ٹائٹل لانا چاہتی ہوں: ثمر خان
لاہور(سپورٹس ڈیسک )گلگت بلتستان میں ساڑھے چار ہزار میٹر بلندی پر واقع قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں بیافو گلیشیئر پر سائیکلنگ کرنے والی دنیا کی پہلی پاکستانی خاتون ثمر خان نے مستقبل میں اولمپکس میں ملک کیلئے ٹائٹل جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ثمر خان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری بدنصیبی ہے کہ دور دراز علاقوں میں اتنے باصلاحت لوگ ہیں، لیکن وہاں نہ تو کوئی سپورٹس کمپلیکس اور نہ ہی تربیت دینے کا کوئی ایسا نظام موجود ہے جس سے ان افراد کو آگے لایا جاسکے۔صوبہ خیبرپی کے کے ضلع لوئر دیر سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون سائیکلسٹ ثمر خان نے اپنے سفر کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی تھیں کہ پاکستان میں لوگوں کے اندر سے سکیورٹی کے حوالے سے خوف کو ختم کیا جائے، لہذا انھوں نے گلیشیئر پر جانے کا فیصلہ کیا۔مستقبل میں کراچی تک سائیکل کا سفر کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہیں، لیکن ساتھ ہی ان کی یہ بھی خواہش ہے کہ اس سفر میں زیادہ سے زیادہ لوگ حصہ لیں۔ اس سفر میں ہر کوئی ان کے ساتھ شامل ہوسکتا ہے۔