پاکستان انگلینڈ دوسرے ون ڈے میچ میں آج مدمقابل گرین شرٹس میں دو تبدیلیوں کا امکان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ آج لارڈز میں کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ ہارنے والی قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ دوسرا ون ڈے لارڈز میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ڈھائی بجے کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم اہم میچ میں شرکت کے لیے لندن پہنچ گئی ہے۔ انگلینڈ کو پانچ میچز کی ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ سولہ ماہ کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے عمر گل مہنگے ثابت ہوئے۔ پیسر نے چھ اوورز میں چھیالیس رنز دے ڈالے۔ دوسرے ون ڈے کے لیے لیگ سپنر یاسر شاہ اور آل راونڈر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز لارڈز میںپریکٹس کی ۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے فٹ بال کھیلا اور کوچز کی زیر نگرانی بعدمیں نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا۔ سیریز میں واپسی کیلئے شاہنیوں نے سر جوڑ لئے۔اوپنر حفیظ کی جگہ سمیع اسلم ، سپنر عماد وسیم کی جگہ یاسر شاہ، فاسٹ باولر وہاب ریاض یا عمر گل کی جگہ سہیل خان یا راحت علی کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔دوسرے میچ سے قبل کپتان اور کوچ نے سر جوڑ لئے، فیلڈنگ کی خامیاں سدھارنے کیلئے کیچز کی خصوصی تربیت، باﺅلرز نے لائن و لینتھ بہتر بنانے کی پریکٹس کی۔بیٹسمین چوکے چھکوں کے چکر سے نکلیں، سنگلز ڈبلز پر توجہ دیں، ٹیم میٹنگ میں بیٹسمینوں کو خصوصی ٹپس دی گئیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو آج سیریز برابر کرنے کے لئے کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ابھی سیریز کا فیصلہ نہیں ہوا۔ کھلاڑیوں کو کریز پر ٹھہرنے کی ضرورت ہے۔ باﺅلرز کو بھی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹونٹی میچ کیلئے سکواڈ کی تیاری کیلئے مشاورت شروع کردی ہے ۔سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹونٹی میچ میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ شاہد آفریدی کو بھی زیر غور نہیں لایا۔