• news

افغانستان: رکن پارلیمنٹ اسد اللہ شریفی کے قافلے پر حملہ،4 افراد ہلاک،14 زخمی

کابل (اے پی پی) شمالی افغانستان میں رکن پارلیمان کے گاڑیوں کے قافلے کے قریب بارودی سرنگ کے زورداردھماکہ میں 4افراد ہلاک اور14زخمی ہوگئے، ننگرہارمیں زمینی اورفضائی کارروائیوں میں 30عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیاگیاہے، افغانستان کی ائیر فورس نے امریکہ سے مزید چار جنگی ہیلی کاپٹر حاصل کرلئے۔افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ بلخ کے پولیس چیف عبدالرازق قادری نے بتایاکہ ضلع خولم میں رکن پارلیمنٹ اسداللہ شریفی کے گاڑیوں کے قافلے کے قریب بارودی سرنگ کا زورداردھماکہ ہواجس کے نتیجے میں 4افراد ہلاک اور14زخمی ہوگئے۔ فی الوقت اسداللہ شریفی کی حالت بارے وہ کچھ بتانے کی پوزیشن میں نہیں۔ ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ادھر صوبہ ننگرہارمیں زمینی اورفضائی کارروائیوں میں 30عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیاگیاہے۔صوبائی پولیس کمانڈر کے بیان میں کہا گیاہے کہ ضلع ہسکہ مینہ میں گزشتہ روز شدت پسندوں کے خلاف زمینی و فضائی کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں 30عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔شدت پسندوں نے اپنے 5ساتھیوں کی نعشیں بھی چھوڑی۔ اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ دریں اثناء افغانستان کی ائیر فورس نے امریکہ سے چار ہلکے ہیلی کاپٹر حاصل کرلئے ہیں۔ وزارت دفاع کے حکام کے مطابق امریکہ نے ایم ڈی 530کییوز ہیلی کاپٹر فراہم کردئیے ہیں۔ امریکہ کی جانب سے افغانستان کو اب تک اس طرح کے 27ہیلی کاپٹر فراہم کئے جاچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن