• news

کراچی میں سیمینار، گوادر فری زون کیلئے مفاہمت کی 4 دستاویزات پر دستخط

اسلام آباد (آئی این پی )گوادر فری زون کیلئے گذشتہ روز مفاہمت کی چار دستاویزات پر دستخط کئے گئے ، اس موقع پر وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو بھی موجود تھے ، اس سلسلے میں خصوصی سیمینار کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا ، سیمینار کا اہتمام پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت نے کیا تھا ، کراچی میں چین کے قائم مقام قونصل جنرل مویانگ پینگ ، چیئر مین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی ، وفاقی سیکرٹری پورٹ اینڈ شپنگ بھی اس موقع پر موجود تھے ، چیئر مین سی او پی ایچ سی ژینگ بائو ژانگ نے سیمینار کا افتتاح کیا اور اپنے خطاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے گوادر فری زون میں پیش کی گئی مختلف مراعات اور سہولتوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا انہوں نے یہ یقین دلایا کہ گوادر فری زون میں تین ماہ تک کوئی ڈیمرج چارجز نہیں ہوں گے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ ان اہم مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے سرمایہ کاری کریں ، اس موقع پر چیئر مین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین خان جمالدینی نے گوادر فری زون کی پالیسیوں اور مقاصد کے بارے میں سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا مہمان خصوصی میرحاصل بزنجو نے گوادر بندر گاہ کے خواب کو حقیقی تعبیر میں بدلنے کیلئے چینی حکومت کی تعریف کی ۔

ای پیپر-دی نیشن