فاروق ستار الطاف کے جرم میں برابر کے شریک ہیں: رضا ہارون،ایم کیو ایم والوں کا کوئی بھروسہ نہیں: چانڈیو خواتین رہا کی جائیں: شیخ رشید
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے فاروق ستا ر کو پارٹنر ان کرائم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب پاکستان مخالف نعرے لگائے گئے تو اس وقت فاروق ستا ر وہاں بیٹھے تھے، فاروق ستار نے تب چپ رہ کر مجرمانہ غفلت برتی، دفتر ٹوٹنے کی تو تکلیف ہوئی لیکن پاکستان مخالف نعروں کی تکلیف کیوں نہیں ہوئی ۔ وہ ہفتہ کو فاروق ستار کے بیان پر رد عمل دے رہے تھے۔شیخ رشید نے کہا کہ متحدہ کی گرفتار خواتین کو رہا کردیا جائے، فیصل وائوڈا نے کہا کہ عامر لیاقت کو جرأت پر سلام پیش کرتا ہوں۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ پہلے آئین میں تبدیلی کرکے الطاف حسین کو قیادت سے فارغ کریں پھر یقین کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کو الطاف حسین کے را سے تعلقات کاعلم ہے، ملک توڑنے کی بات پر آرٹیکل 6 لگتا ہے۔ پی پی رہنماء سعید غنی نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا الطاف حسین سے کتنا تعلق ہے، یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے، ایم کیو ایم کو ووٹ دینے والوں میں زیادہ تعداد الطاف کے ماننے والوں کی ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ایم کیوایم والوں کا کوئی بھروسہ نہیں، ایم کیو ایم والے صبح ایک بات کرتے ہیں اور شام میں دوسری بات کرتے ہیں۔ ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کے دفاتر ہی نہیں بلکہ انہیں بھی بلڈوز کرنا چاہئے، ایم کیو ایم قیادت پر فوری طورپر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرکے ایم کیو ایم پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔