تحریک انصاف نے 3 ستمبر کو لاہور میں احتجاجی ریلی کے روٹ کو حتمی شکل دیدی
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف نے 3 ستمبر کو لاہور میں احتجاجی ریلی کے روٹ کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے مطابق تمام کارکن شاہدرہ میں عمران خان کا استقبال کرتے ہوئے ریلی کا آغاز کریںگے جو آزادی چوک، بھاٹی گیٹ، ناصر باغ، لاہور ہائی کورٹ سے ہوتی ہوئی چیئرنگ کراس میں احتجاجی جلسے پر اختتام پذیر ہوگی۔ فیصلہ پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس میںکیاگیا، جس میں آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر اعجازچوہدری ، لاہور اربن کے صدر ولید اقبال، لاہور رورل کے صدر ظہیر عباس کھوکھرکے علاوہ محمود الرشید اور لاہور سے ارکان اسمبلی میاں اسلم اقبال، شعیب صدیقی اور ڈاکٹر مراد راس بھی شریک تھے۔ اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ مختلف جگہوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیںگے۔ سکیورٹی، سائونڈ اور خواتین انکلیوژر کے لئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس کل دوپہر 2 بجے ہوگا۔