مرزا تنویر کے حوالے سے عمران کا بیان لغو اور جھوٹ ہے: ترجمان حمزہ شہباز
لاہور (خبرنگار) حمزہ شہبازشریف کے ترجمان نے کہا ہے کہ مرزا تنویر کے حوالے سے عمران کا بیان لغو اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عمران نے اس بیان کے ذریعے دراصل بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کی حمایت کے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ عمران اور ان کی جماعت ایسی اوچھی حرکت سے اس لعنت ملامت سے نہیں بچ سکتے جو ایم کیو ایم کو ووٹ ڈالنے پر ہر محب وطن پاکستانی ان پر کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حمزہ شہباز پر جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے عمران خان عوام کے اس سوال کا جواب دیں کہ پاکستان مردہ باد اور فوج کے خلاف نعروں کے بعد جب ساری قوم الطاف حسین کی مذمت کر رہی تھی اس وقت عمران خان اور ان کی پارٹی نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں اپنا ووٹ ایم کیو ایم کو کیوں دیا۔ عمران پاکستان کو گالیاں دینے والوں کی حمایت کرنے پر خداتعالیٰ، بانیان پاکستان کی ارواح اور 20کروڑ پاکستانی عوام سے سچے دل کے ساتھ معافی مانگیں اور ایم کیو ایم سے خیرات میں ملنے والی ڈپٹی میئرکی نشست انہیں واپس کر دیں۔
ترجمان حمزہ