ملک کیخلاف بولنے والوں کی زبان کھینچ لینی چاہئے: شیخ رشید
کراچی (این این آئی+ آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمدنے کہا ہے کہ اُردو بولنے والے محب وطن پاکستانی اور قربانی دینے والے لوگ ہیں لیکن ملک کے خلاف بولنے والوں کی زبان کھینچ لینی چاہئے اوراسے چوراہے پر کھڑا کر کے اس کے پیچھے کتے چھوڑ دینے چاہئیں جو پاکستان کے حالات ہیں اس لحاظ سے آئندہ 60 دن بہت اہمیت کے حامل ہیں جب دونوں شریفوں میں سے ایک شریف جائے گا۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا جو بھی قتل و غارت گری کرے اسے قانون کے حوالے کر کے جڑ سے ختم کیا جانا چاہئے، ایم کیو ایم بھی اپنے اندر موجود قبضہ گروپ اور کلنگ پارٹی کو ختم کرے۔ انھوں نے کہا الطاف حسین نے پاکستان مخالف بیان دے کر سارے مہاجروں کو بدنام کیا وہ ہر روز بیان دیتے ہیں اور پھر دوسرے تیسرے دن معافی مانگ لیتے ہیں، وہ پاکستانی سیاست میں سب سے بڑے یوٹرن بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا الطاف حسین سے اعلان لا تعلقی کے بعد پاکستان کی رابطہ کمیٹی کو فعال کردار ادا کرنا چاہئے اور لندن کی رابطہ کمیٹی سے جان چھڑانی چاہئے۔ ایم کیو ایم پر پابندی کے علاوہ اور بھی فیصلے ہو سکتے ہیں، جن جماعتوں پر ماضی میں پابندیاں لگیں وہ ختم نہیں ہوئی بلکہ انڈر گرائونڈ چلی گئیں اور ایسی جماعتوں نے ہمیشہ زیادہ نقصان پہنچایا۔ جہاں بھی ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر قائم ہیں انھیں گرا دینا چاہئے۔ نائن زیرو سیل کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا آج کل امریکا اور برطانیہ میں بھی سارے دفتر خالی ہو چکے ہیں، جس کے پاس آئی فون ہے وہی اس کا دفتر ہے۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے انہوں نے کہا ساری اپوزیشن جماعتیں بھی نواز شریف کے ساتھ شامل ہو جائیں تب بھی ماڈل ٹائون اور پانامہ لیکس کے معاملے پر نواز شریف کی جان نہیں چھوٹے گی۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا چند کرائے کے قاتلوں نے مہاجروں کو بدنام کر رکھا ہے۔ فاروق ستار پل صراط پر چل رہے ہیں، دس روز میں فیصلہ ہوجائیگا‘ آصف علی زرداری وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔